افغانستان میں پانچ لاکھ امریکی ہتھیار عسکریت پسندوں کو فروخت کردیے گئے: برطانوی میڈیا

  • جمعہ 18 / اپریل / 2025

برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے حاصل کیے گئے 5 لاکھ ہتھیار ضائع ہو چکے ہیں۔ انہیں فروخت کیا جا چکا ہے یا عسکریت پسند گروہوں کو اسمگل کیا جا چکا ہے۔

ایک سابق افغان اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان نے 2021 میں افغانستان پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد تقریباً 10 لاکھ ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان حاصل کیا تھا۔ طالبان نے افغانستان میں پیش قدمی کی تو بہت سے افغان فوجیوں نے ہتھیار ڈال دیے یا اپنے ہتھیار اور گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ کچھ ساز و سامان امریکی افواج چھوڑ گئی تھیں۔

ان ہتھیاروں کے ذخیرے میں امریکی ساختہ اسلحہ، جیسے ایم 4 اور ایم 16 رائفلز کے ساتھ ساتھ افغانستان کے قبضے میں موجود دیگر پرانے ہتھیار بھی شامل تھے جو دہائیوں سے جاری لڑائی کے بعد وہاں رہ گئے تھے۔ ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ گزشتہ سال کے اواخر میں دوحہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی کے بند کمرا اجلاس میں طالبان نے اعتراف کیا تھا کہ ان میں سے کم از کم آدھے آلات اب غائب ہوچکے ہیں۔ کمیٹی کے ایک رکن نے کہا کہ انہوں نے دیگر ذرائع سے تصدیق کی ہے کہ 5 لاکھ اشیا کا علم نہیں ہے۔

فروری میں اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ اور یمن کی انصار اللہ تحریک سمیت القاعدہ سے وابستہ تنظیمیں طالبان کے قبضے میں لیے گئے ہتھیاروں تک رسائی حاصل کر رہی ہیں یا انہیں بلیک مارکیٹ سے خرید رہی ہیں۔

بی بی سی نے یہ بات طالبان حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرات سے پوچھی جنہوں نے بتایا کہ وہ ہتھیاروں کے تحفظ اور ذخیرے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ تمام ہلکے اور بھاری ہتھیار محفوظ طریقے سے ذخیرہ کیے جاتے ہیں۔ ہم اسمگلنگ یا تباہی کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

2023 میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ طالبان نے مقامی کمانڈروں کو ضبط شدہ امریکی ہتھیاروں کا 20 فیصد اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی اور اس کے نتیجے میں بلیک مارکیٹ پھل پھول رہی ہے۔ یہ کمانڈر طالبان سے وابستہ ہیں لیکن اکثر انہیں اپنے علاقوں میں خود مختاری حاصل ہوتی ہے۔ اقوام متحدہ نے نوٹ کیا کہ ’طاقت کو مستحکم کرنے کے لیے مقامی کمانڈروں اور جنگجوؤں کے درمیان ہتھیاروں کا تحفہ دینے کا وسیع پیمانے پر رواج پایا جاتا ہے۔ بلیک مارکیٹ اب بھی طالبان کے لیے ہتھیاروں کا ایک بھرپور ذریعہ ہے‘۔

قندھار شہر کے ایک سابق صحافی نے بی بی سی کو بتایا کہ طالبان کے قبضے کے بعد ایک سال تک وہاں کھلے ہتھیاروں کی ایک مارکیٹ موجود تھی لیکن اس کے بعد میسجنگ سروس واٹس ایپ کے ذریعے اسے زیر زمین منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس پر دولت مند افراد اور مقامی کمانڈر نئے ہتھیاروں کی تجارت کرتے ہیں اور امریکی ہتھیاروں اور سازوسامان کا استعمال کرتے ہیں جن میں سے زیادہ تر امریکی حمایت یافتہ افواج کے چھوڑے ہوئے ہتھیار ہیں۔

افغانستان کی تعمیر نو کے منصوبوں کی نگرانی کرنے والے امریکی ادارے ’سیگار‘ کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے ہتھیاروں کی تعداد ہمارے ذرائع کے حوالے سے ریکارڈ کیے گئے ہتھیاروں سے کم ہے۔ لیکن 2022 کی ایک رپورٹ میں تسلیم کیا گیا تھا کہ وہ درست معلومات حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ گزشتہ برسوں کے دوران مختلف امریکی محکموں اور تنظیموں کی طرف سے سازوسامان کی مالی اعانت اور فراہمی کی گئی ہے۔ سیگار نے مزید کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے افغانستان میں آلات کو ٹریک کرنے کے لیے محکمہ دفاع کے طریقہ کار میں خامیاں اور مسائل موجود تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ افغانستان سے ہتھیار واپس لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں 85 ارب ڈالر کے جدید ہتھیار رہ گئے ہیں۔ افغانستان دنیا میں فوجی ساز و سامان بیچنے والے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔ ٹرمپ نے نئی انتظامیہ کی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران کہا کہ  وہ سازوسامان فروخت کر رہے ہیں جو ہم نے چھوڑا تھا۔