اسحٰق ڈار کی کابل میں افغان وزیر خارجہ سے ملاقات

  • ہفتہ 19 / اپریل / 2025

نائب وزیراعظم او وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کے کابل میں افغان حکام سے مذاکرات کیے ہیں۔ اسحٰق ڈار کی افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات ہوئی، جس میں مشترکہ امن و ترقی کا عہد کیا گیا ہے۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو مثبت ماحول میں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ افغان وزیر خارجہ سے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تاریخی رشتوں کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دو طرفہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو مثبت ماحول میں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اسحٰق ڈار نے افغان ہم منصب پر واضح کیا کہ پاکستان اپنے برادر ملک افغانستان میں خوشحالی کا خواہاں ہے۔ قبل ازیں کابل روانگی سے قبل نور خان ایئر بیس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے عزم ظاہر کیا کہ کوششں کریں گے کہ پاکستان اور افغانستان مل کر کام کریں۔

یہ دورہ کابل میں پاک افغان جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کے تازہ ترین دور کے بعد کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی وفد کی قیادت افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی سفیر صادق خان نے کی تھی۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، جنہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے سے خدشات ہیں، اور اس معاملے پر افغان فریق سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسے تعاون کو فروغ دینا ہے جو دونوں ممالک اور خطے کے عوام کے باہمی مفادات کو پورا کرے۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئرپورٹ پر افغان حکومت کے معززین نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ افغانستان میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن سفیر عبید الرحمٰن نظامانی اور سفارت خانے کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔