وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔
سرکاری خبر رساں مطابق وزیراعظم کے ہمراہ ترکیہ کا دورہ کرنے والے وفد میں وزیرخارجہ اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور خطے اور اس سے باہر کی حالیہ پیش رفت پر بات چیت ہوگی۔
دیرینہ اتحادیوں اور اسٹریٹجک شراکت داروں کی حیثیت سے پاکستان اور ترکیہ باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے غیر معمولی رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور کوآرڈینیشن کے لیے اعلی سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کی شکل میں قیادت کی سطح کا ادارہ جاتی میکانزم بھی موجود ہے۔
ایچ ایل ایس سی سی کا ساتواں اجلاس 12 اور 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر اردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کی تھی۔ آئندہ اجلاس اس مضبوط مکالمے کے تسلسل کی نمائندگی کرتا ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔