کسی بھی مہم جوئی کا انجام خطرناک ہوگا: وزیر دفاع خواجہ آصف کی تنبیہ

  • جمعہ 25 / اپریل / 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بھارت کو مشورہ ہے کہ کسی بھی مس ایڈونچر سے باز رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ ایسے میں بھارت  خبردار رہے کہ اگر کسی جارحانہ اقدام کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نہ صرف تیار ہے بلکہ دو سو فیصد تیار ہے۔ اگر بھارت نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو اسے اس کا سخت جواب ملے گا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی بھارت کو فضائی حدود کی خلاف ورزی مہنگی پڑی تھی اور اس کی یادگار مثال بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری اور چائے نوشی کے بعد واپسی ہے۔ خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ بھارت کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے احتیاط کا دامن تھامے۔ پہلگام حملے میں پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں بڑی تعداد میں مسلمان بھی جاں بحق ہوئے۔

وزیر دفاع نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں کی رپورٹنگ میں سنجیدگی کم اور فلمی رنگ زیادہ ہوتا ہے۔ بھارتی میڈیا دراصل بالی ووڈ سے متاثرہ ایک پروپیگنڈا مشین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کالعدم تنظیموں کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے جو بھارت ہی کی پراکسیز ہیں۔

دریں اثنا برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اگر جنگی جنون میں مبتلا ہوا تو نتیجہ دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان کھلی جنگ کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ جس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔ دنیا کو اس ممکنہ تصادم پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ ایک غلط قدم بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے تسلیم کیا کہ ماضی میں پاکستان دہشت گردی میں ملوث بعض گروہوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے لیکن اب ایسی تنظیمیں کالعدم ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستان یہ ’ڈرٹی گیم‘ تیس سال تک امریکہ اور برطانیہ سمیت اس کے حلیف ملکوں کے لیے کرتا رہا ہے۔  اس انٹرویو میں پاکستانی وزیر دفاع اپنے اس مؤقف کا دفاع نہیں کرسکے کہ پاکستان پہلگام حملے کو کیسے فالس فلیگ آپریشن کہہ رہاہے۔ ان کا جواب تھا کہ پاکستان کے خلاف بھرت کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں۔