پاکستان اور بھارت موجودہ کشیدگی کا حل نکال لیں گے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بارے میں کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک اپنے درمیان تناؤ کو خود حل کرلیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ انڈیا اور پاکستان اپنے تعلقات خود آپس میں طے کر لیں گے۔ صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے متنازع سرحدی علاقے میں پیش آنے والے دیگر تنازعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتے ہیں۔ تاہم لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ان سے رابطہ کریں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ دونوں کسی نہ کسی طرح اسے حل کر ہی لیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’پاکستان اورانڈیا کے درمیان شدید کشیدگی ہے لیکن ایسا ہمیشہ سے ہی رہا ہے۔‘ یاد رہے کہ نئی دہلی کی طرف سے پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے طے شدہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی، اٹاری بارڈر کی بندش سمیت دیگر اقدامات کے جواب میں پاکستان نے انڈین پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے پاکستان اور انڈیا سے ’زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ‘ کرنے پر زور دیا ہے۔