چین نے پہلگام سانحہ کی غیر جانبدار تحقیقات کی حمایت کردی
چین نے کہا ہے کہ وہ پہلگام حملے کی فوری اور غیر جانبدرانہ تحقیقات کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ پاکستان اور انڈیا تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیکن نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امید ہے کہ فریقین باہمی تناؤ کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین علاقے میں کشیدگی کم کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو تنازعات ختم کرنے کے لیے بات چیت کے ذریعے کوئی حل نکالنا چاہئے۔
اس دوران چین میں حکومت کے زیر اثر اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق اتوار کو چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ اسحق ڈار نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو خطے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور انڈیا کے مابین موجود کشیدگی اور بدلتی ہوئی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے حالات میں سٹریٹیجک پارنٹر اور دوست کی حیثیت سے چین پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو سمجھتا ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی سے متعلق مفادات کو قائم رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔