پاک فوج نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا
پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے انڈین کواڈ کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے سرکاری ریڈیو نے خبر دی ہے کہ انڈیا نے کواڈ کاپٹر کی مدد سے بھمبھر کے علاقے میں جاسوسی کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
واضح رہے پہلگام حملے کے بعد دونوں ملکوں میں تناؤ دیکھا جارہا ہے۔ اس حملے کے بعد انڈیا نے پاکستان کے خلاف غیر معمولی نوعیت کے اقدامات کرتے ہوئے انڈس واٹر ٹریٹی (سندھ طاس معاہدہ) کو معطل کر دیا تھا اور واہگہ اٹاری سرحد بند کرنے، ویزا سہولتیں واپس لینے اور سفارتی روابط محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے جواب میں پاکستان نے بھی کئی اقدامات کا اعلان کیا ہے جن میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے تمام دو طرفہ معاہدے، جن میں شملہ معاہدہ بھی شامل ہے، معطل کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فضائی حدود اور سرحد بند کرنے کے علاوہ تجارت کا عمل معطل، انڈیا کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استمعال کرنے پر پابندی اور سفارتی سطح پر انڈیا کو جواب دیتے ہوئے بھی متعدد پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ پاکستان نے بھی انڈیا کی طرح دفاعی اتاشیوں اور ان کے معاونین کو ملک چھوڑنے اور اور سفارتی عملہ محدود کرنے کو کہا ہے۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت پاکستان کے حصے کے پانی کے بہاؤ کو روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا جس کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔