بھارت کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے: آرمی چیف

  • جمعرات 01 / مئ / 2025

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کے دورہ کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے منگلا اسٹرائیک کور کی جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے یمر اسٹرائیک مشق کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن کوئی کسی بھی قسم کی غلط فہمی میں نہ رہے۔ بھارت کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا فوری اور بھرپور جواب دیں گے۔ پاکستان علاقائی امن کا عزم کیے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدام کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

30 اپریل کو وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا تھا کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے۔