پاک بھارت تنازعہ نیوکلئیر فلیش پوائینٹ ہے: پاکستانی سفیر

  • ہفتہ 03 / مئ / 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر انڈیا نے متنازع کشمیر کے علاقے میں حالیہ حملے کے جواب کسی قسم کی عسکری کارروائی کی تو اس کے ممکنہ طور پر تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انڈیا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے اپنی خود ساختہ ڈیل میکر ساکھ کا فائدہ اٹھائیں۔ امریکی نیوز چینل فوکس نیوز ڈیجیٹل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ ’یہ ایک جوہری فلیش پوائنٹ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس صورت حال سے نمٹیں اور یہ مسئلہ بنیادی مسئلے یعنی تنازعہِ کشمیر کو حل کرکے ہی ممکن ہے۔ پاکستانی سفیر نے پہلگام حملے پر انڈیا کے ردعمل کو خطرناک حد تک قبل از وقت اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’حملے کے چند منٹوں کے اندر ہی انڈیا نے پاکستان کے خلاف الزامات عائد کرنا شروع کر دیے تھے۔‘

یاد رہے کہ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلگام حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد ایک بیان میں کہا تھا وہ ’پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں اور اُن کی پشت پناہی کرنے والوں کو زمین کے آخری کونے تک تلاش کریں گے اور انھیں ایسی سزائیں دی جائی گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔‘

انڈین وزیر اعظم یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پہلگام حملے کا ردعمل دینے کا طریقہ کار، اہداف اور وقت کا تعین کرنے میں انڈین مسلح افواج کو ’مکمل آپریشنل آزادی‘ ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی فوج کے ترجمان احمد شریف چوہدری سمیت بہت سے عسکری و حکومتی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اگر انڈیا کی جانب سے پہلگام حملے کے تناظر میں پاکستان کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔