پاکستان نے ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کیا

  • ہفتہ 03 / مئ / 2025

پاکستان نے ایکس انڈس مشق کے تحت ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کرلیا، ابدالی میزائل کی رینج 450 کلومیٹر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے 450 کلومیٹر کی رینج کے حامل ابدالی میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میزائل کے تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا اور اہم تکنیکی پیرامیٹرز بشمول جدید نیوی گیشن سسٹم کو یقینی بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی ویپن سسٹم کے ٹریننگ لانچ کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ موجود تھے۔ ویپن سسٹم ٹریننگ لانچ تجربہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر حکام نے بھی دیکھا۔ پاکستان کی اسٹریٹجک تنظیموں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی ابدالی ویپن سسٹم ٹریننگ لانچ تجربہ دیکھا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔

جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں جعفر ایکسپریس حملے کا الزام علاقائی حریف پر عائد کیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے امن کے لیے اقدامات کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

امریکی وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے دونوں ملکوں پر کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا ہے۔ تاہم بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی رکھے ہوئے ہے۔