بھارت کا حملہ قریب، ایٹمی ہتھیاروں سمیت پوری قوت سے جواب دیں گے: پاکستانی سفیر
روس میں تعینات پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی نے بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سمیت پوری قوت سے دینے کا اعلان کیا ہے۔
روسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی نے واضح کیا کہ پاکستان کے پاس انٹیلی جنس شواہد موجود ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ بھارت کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملے کی کوئی کوشش کی تو اسے ایٹمی ہتھیاروں سمیت پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ مخصوص علاقوں کونشانہ بنانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے، محسوس ہورہا ہے کہ یہ حملہ قریب ہے اوراس کا خطرہ حقیقی نوعیت کا ہے۔
خالد جمالی نے کہا کہ اگر بھارت نے دریاؤں کے پانی کا رخ موڑنے یا اسے روکنے کی کوشش کی تواسے بھی پاکستان جنگی اقدام تصور کرے گا، اور ایسی کسی بھی حرکت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں، جن کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ ہم بھارتی جنگی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، ہمیں اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کا پورا حق ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پہلگام حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں، ہم چین اور روس سے پہلگام حملے کی تحقیقات میں شامل ہونے کی درخواست کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے والے یونان نے کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔