پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے جائز حصے کے پانی کے ایک قطرے پر بھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انڈیا خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بھارت کی جنگوئی کی وجہ سے لاکھوں زندگیوں کو خطرے ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں اضافہ نہیں کرے گا۔ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن کا داعی رہا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو دوسرے فریق پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے بارے میں فکر نہ کریں۔ میں نے وعدہ کیا ہے کہ ہم تحمل کا مظاہرہ کریں گے‘۔
نائب وزیراعظم نے انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان اپنے جائز حصے کے پانی کے ایک قطرے پر بھی سمجھوتہ نہیں ہونے دے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو یکطرفہ طور پر معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔