یورپی یونین کا پاک بھات کشیدگی کم کرنے پر زور
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں یورپی یونین نے دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں یونین نےکہا ہے کہ دونوں فریق شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے مزید حملوں سے گریز کریں۔
یورپی یونین کےمطابق وہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور اس کے نتیجے میں مزید جانوں کے ضیاع سمیت اس کے نتائج پر گہری تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔ یورپی یونین فریقین پر بات چیت کے لیے زور دیتی ہے۔ یہ ضروری ہے کہ انڈیا اور پاکستان بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر پورا اتریں اور شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہے۔
اس دوران برطانوی پارلیمنٹ میں بھی پاک بھارت کشیدگی پربحث کی گئی ہے جس میں مختلف جماعتوں کے اراکین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے برطانیہ کو کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ برطانوی دفترِ خارجہ کے وزیر ہیملش فیلکنر نے ہاؤس آف کامنز کو بتایا کہ ہم انڈیا اور پاکستان دونوں کو مسلسل تحمل کا مظاہرہ کرنے کا پیغام دیتے آئے ہیں۔ دونوں ممالک کو مذاکرات کے ذریعے ایک فوری اور سفارتی راستہ تلاش کرنا ہوگا۔