پاکستان نے اسرائیلی ساخت کے 25 بھارتی ڈرون تباہ کردیے
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ جمعرات کو انڈیا کی جانب سے ڈرونز کی مدد سے دراندازی کی مزید کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں۔ فوج کے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب تک سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) طریقوں سے 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے مطابق پاکستان کے جانب سے تباہ کیے جانے والے ڈرونز کا ملبہ ملک کے مختلف علاقوں سے اٹھایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ چند گھنٹے قبل فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ انڈیا کی جانب سے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب سے انڈیا کی جانب سے ڈرونز کی مدد سے دراندازی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پریس کانفرنس میں انہوں نے 12 ڈرونز گرانے کا دعوئ کیا تھا اور کہا تھا کہ مزید کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ انڈیا پاکستان کی جانب سے طیارے اور ڈرونز تباہ کیے جانے کے بعد ’اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے جو انڈیا کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔‘
پاکستان کی جانب سے انڈیا پر ڈرونز کے ذریعے دراندازی کرنے اور اس دوران متعدد ڈرونز گرانے کے دعوے کے بعد انڈیا نے کہا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب انڈین تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کا جواب تھا۔ وزاتِ دفاع کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پاکستان نے ڈرونز اور میزائلوں کی مدد سے شمالی اور مغربی انڈیا میں متعدد عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ انڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جن مقامات پر اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ان میں آونتیپورہ، بھٹنڈہ، چندی گڑھ، نال، پھالودی، اترلائی اور بھوج شامل ہیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کو انڈین ایئر ڈیفنس نظام کی مدد سے ناکام بنایا گیا اور پاکستان کے حملوں کا ثبوت دکھانے کے لیے مختلف مقامات سے تباہ شدہ میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ جمع کیا جا رہا ہے۔
انڈین وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی حملے کے جواب میں انڈین فوج نے پاکستان میں ایئر ڈیفینس راڈارز اور دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔ انڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں لاہور میں موجود ایک ایئر ڈیفینس سسٹم ناکارہ بنا دیا گیا۔
پاکستانی فوج یا حکومت کی جانب سے تاحال انڈین دعوؤں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم جمعرات کی دوپہر پاکستانی فوج کے ترجمان نے جن علاقوں میں انڈین ڈرونز گرانے کا دعویٰ کیا تھا ان میں لاہور بھی شامل تھا۔ لاہور میں والٹن کے علاقے میں جمعرات کی صبح اور دوپہر متعدد دھماکے بھی سنے گئے تھے۔