پاکستان نے صرف بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا ڈرونز یا راکٹ حملے نہیں کیے: پاک فوج

  • جمعہ 09 / مئ / 2025

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جوابی طور پر صرف ایل او سی کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، ڈرونز اور راکٹ حملے نہیں کیے جارہے جب کہ بھارت سویلین کو نشانہ بنارہا ہے۔ بھارت کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کئی سو ڈرون بھارتی فوجی تنصیبات کی طرف بھیج چکا ہے۔

غیر ملکی ٹی وی ” ٹی آر ٹی ورلڈ“ سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری ںے دنیا کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان پر انڈین آرٹلری کی جانب سے ایل او سی پر شیلنگ اور بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے جان بوجھ کر عام آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستان نے بھارتی فورسز کی فائرنگ پر جواب میں صرف ان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ڈرونز اور راکٹ حملے نہیں کیے جارہے۔ پاکستان ایل او سی پر صرف ان بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو سویلیز آبادی پر حملے کررہی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے من گھڑت طور پر کہا گیا کہ پاکستان نے حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت پر راکٹوں اور ڈورونز سے حملہ کیا۔ یہ بالکل جھوٹ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انڈین میڈیا کی جانب سے صرف من گھڑت اور جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔ میں نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان اگر کچھ کرے گا تو انڈین میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ دنیا بتائے گی۔  کسی بھی واقعہ پر پاکستان پر الزام تراشی وتیرہ بن چکا ہے۔ پہلگام واقعہ میں بھی ایسے ہی کیا گیا۔

دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا، جس پر جوابی کارروائی کرنا پاکستان کا حق ہے۔ ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان پر جارحیت کا مظاہرہ کیا اور بھارت نے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا۔ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا ہے، جواب میں پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان ہرممکن صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے۔ پاکستان بھارت کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے اور پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہا ہے۔ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

اس دوران انڈین فوج کی بریفنگ میں کرنل صوفیہ قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے آٹھ اور نو مئی کی درمیانی شب ملک کی مغربی سرحد پر انڈین ایئر سپیس کی متعدد مرتبہ خلاف ورزی کی۔ ان کا مقصد ہمارے ملک میں فوجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا تھا۔ پاکستان نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیہ سے سرکریک تک 300 سے 400 ڈرونز نے 36 مقامات سے دراندازی کی کوشش کی۔ انڈین فوج کی جانب سے متعدد ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے اس دراندازی کا مقصد ہمارے فضائی دفاعی نظام کو ٹیسٹ کرنا اور انٹیلیجنس جمع کرنا تھا۔ ہم ڈرون کے ملبے کا فرانزک تجزیہ کر رہے ہیں۔