بیرونی دباؤ قبول نہیں، بھارت کو جواب دیں گے: وزیر دفاع

  • جمعہ 09 / مئ / 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کوئی بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گا، قوم مطمئن رہے، جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہیں۔ پاکستان اپنی جوابی کارروائی میں بھارت کے سویلینز کو نشانہ نہیں بنائے گا۔ ہم صرف فوجی تنصیبات پر حملے کریں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ بھارت نے جس طرح ذلت اٹھائی، انہوں نے اپنے عوام کو مطمئن کرنا ہے۔ بھارت اپنے عوام کو یہ تو نہیں بتائے گا کہ سب جگہ ہمیں مار پڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کا اتحاد فطری ہے۔ دونوں اسلام مخالف ہیں، ان کی اسلام دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دوست ملک کھل کرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترکیہ اور آذربائیجان نے پاکستان کی حمایت کی ہے۔ بھارت کے قریب ترین حلیف بھی اس کا ساتھ نہیں دے رہے۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور سرحد پر دشمن کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی بھرپور جوابی کارروائی اس وقت بھی جاری ہے۔ ہم اس وقت دنیا کے تمام ضروری ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ خلیجی ممالک کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں۔ نائب وزیراعظم کا سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہے۔ سفارتی کوششوں کو مزید تیز کر کے مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل سے شروع کیے گئے ڈرون حملے ہماری اہم لوکیشنز لینے کے لیے کیے گئے تھے۔ ڈرون حملوں کو انٹرسیپٹ اس لیے نہیں کیا گیا تاکہ ہماری لوکیشنز ٹریس نہ ہوں، جب ڈرونز مناسب فاصلے پر آئے تو انہیں مار گرایا۔ اب بھی جوابی کارروائی رات دن جاری ہے۔ اس وقت ہماری افواج بہترین پوزیشن میں ہیں، پاکستانی افواج بہادری سے ملک کا دفاع کر رہی ہیں۔