پاکستان کا’ بنیان مرصوص‘ آپریشن، پاکستان اور بھارت کی طرف سے متضاد دعوے
پاکستانی فوج کے اعلان کے مطابق پاکستان نے آج رات آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے فجر کے وقت بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی شروع کردی۔ اس سے پہلے پاکستانی ائیر بیسز پر بھارتی حملے کی اطلاع دی گئی تھی۔ دونوں طرف سے دشمن کو نقصان پہنچانے کے دعوے کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان کی جانب بھارت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے اور بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان حملوں میں ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ، سرسہ، سورت گڑھ، برنالہ، بھٹنڈا اور سسرام، جموں، اکھنور، آدم پور، ہلوارا، مامون ایئرفیلڈز، براہموس سٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بھارتی ترجمان نے جزوی نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر میزائل روک لیے گئے تھے۔
آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا مطلب ’’سیسہ پلائی دیوار‘‘ ہے۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل کا ڈپو تباہ کردیا گیا۔ ایئر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا، ادھم پور ایئر بیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے آدم پور ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ آدم پور ایئر فیلڈ سے پاکستان، امرتسر اور افغانستان پر میزائل داغے گئے تھے، بھارتی آرٹلری گن پوزیشن دہر نگیاری کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ اور سپلائی ڈپو اڑی کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے سرسہ ایئرفیلڈ کی تباہی کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی پنجاب کے علاقے بھٹنڈہ سے پاکستان پر حملہ کرنے والے بھٹنڈا ایئرفیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔پاکستان کی جوابی کارروائی میں ہلوارا، مامون، اکھنور اور جموں ایئر فیلڈز کو بھی مکمل تباہ کر دیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی دی گئی ہے کہ سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈز کو ناکارہ کر دیا گیا جس کے باعث ہندوستان پر اندھیرا چھا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کئے گئے تھے ان کو فتح ون میزائل سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ بھارت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔ فتح 1 میزائل سسٹم کے ذریعے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے، بھاری نقصان کی اطلاعات آ رہی ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کی مزید پانچ چوکیاں تباہ کر دی ہیں، جزیرہ پوسٹ کمپلیکس، کافر مہری، شاہپر 3 اور غدر ٹاپ کو آرٹلری سے نشانہ بنایا گیا۔بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں 26 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستان میں3 ایئر بیسز پر میزائل داغے تھے، جس کے دوران نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے تھے۔