امریکہ اور چین ٹیرف کم کرنے پر متفق ہوگئے

  • سوموار 12 / مئ / 2025

امریکا اور چین نے ابتدائی طور پر 90 روز کے لیے ایک دوسرے کی مصنوعات پر محصولات واپس لینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں دنیا کی 2 بڑی معیشتوں کے حکام کی جانب سے طویل تجارتی مذاکرات کے اختتام پر سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 14 مئی تک امریکا چینی مصنوعات پر محصولات کو عارضی طور پر 145 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرے گا، جب کہ چین امریکی درآمدات پر محصولات کو 125 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرے گا۔ فریقین نے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفنگ اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کی قیادت میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے بارے میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے ایک میکنزم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

بیان میں بات چیت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں فریق مربوط اقتصادی اور تجارتی مسائل پر ورکنگ لیول مشاورت کر سکتے ہیں۔

دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹیں پیر کو دونوں عالمی تجارتی قوتوں کے درمیان اس اہم معاملے پر اتفاق رائے کے بعد بڑھنا شروع ہوگئیں۔ امریکا اور چین نے ایک دوسرے کی اشیا پر محصولات کو ابتدائی 90 دن کے لیے نمایاں طور پر کم کرنے پر اتفاق کیا تو ہانگ کانگ کا ہانگ سینگ انڈیکس مقامی وقت کے مطابق شام کے وقت 3.4 فیصد اوپر جاچکا تھا۔

یورپ میں جرمنی کا ڈی اے ایکس انڈیکس اور فرانس کا سی اے سی بالترتیب 1.2 فیصد اور 1 فیصد ابتدائی تجارتی سیشن میں اوپر تھے۔ لندن کا ایف ٹی ایس ای انڈیکس 0.3 فیصد اوپر گیا، امریکی فیوچرز بھی اوپر جاچکے تھے۔

ڈاؤ 2.1 فیصد اوپر کھلنے کے لیے تیار تھا، جب کہ ایس اینڈ پی 500 اور ٹیک ہیوی نیسڈک کے فیوچرز بالترتیب 2.7 فیصد اور 3.6 فیصد بڑھوتری کی جانب گامزن ہوئے، برینٹ خام، عالمی تیل کا معیار، 2.8 فیصد بلند سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔