پاکستان اور بھارت کو بات چیت سے معاملات طے کرلینے چاہئیں: خواجہ آصف

  • سوموار 12 / مئ / 2025

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے پاس سیز فائر کے بعد ایک سنہری موقع ہے کہ کشمیر سمیت دیگر معاملات پر مذاکرات کریں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر، دہشتگردی اور پانی وہ تین معاملات ہیں جو حل طلب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے پاس سنہری موقع ہے کہ انہیں حل کر لیں۔ صدر ٹرمپ نے کشمیر کا معاملہ زیرِ بحث لانے کی پیشکش کی ہے۔ اس تین نکاتی ایجنڈے پر بات ہونی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ 1960 کے معاہدے میں طے ہو چکا ہے۔ اس کی معطلی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر بھارت سے مذاکرات ہوئے تو کشمیر، پانی اور دہشتگردی پر بات ہوگی جبکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دونوں ممالک کے پاس یہ سنہری موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار سب سے بڑا ملک ہے، یہ ایک سنہری موقع ہے کہ دونوں ملک دہشتگردی کا مسئلہ حل کریں، دہشت گردی گزشتہ 20 یا 30 سال سے ہو رہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ساری جنگیں ہی کشمیر پر لڑی گئی ہیں، پرسوں والی جنگ بھی کشمیر کا مسئلہ تھا۔ مودی نے خطے کو جہنم میں دھکیلنے کی کوشش کی، افواج پاکستان بھارت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑی ہوگئیں اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ بھارت اس وقت اپنے زخم سہلا رہا ہے، بھارتی پارلیمنٹ میں ان کے وزیراعظم کو برابھلا کہا جا رہا ہے، یہ ہماری ڈپلومیٹک فتح بھی ہے۔  اسرائیل کے علاوہ کوئی بھی ہندوستان کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا، پاکستان نے اپنے تحمل اور فوجی طاقت کا لوہا منوایا ہے، پاکستان کو پچھلے 77 سال میں اتنی بڑی کامیابی کبھی نہیں ملی۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اب تمام مسائل کا حل ہونا چاہیے، خطے میں اب غریب لوگوں کو رہنے کا حق ملنا چاہیے۔