بھارتی حملے میں 11 فوجی اور 40 شہری جاں بحق ہوئے
بھارتی مسلح افواج نے 6 اور 7 مئی 2025 کی شب پاکستان پر حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی حملوں میں پاک فوج کے 11 جوان اور خواتین و بچوں سمیت 40 شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی کارروائیوں کے نتیجے میں 40 بے گناہ شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔
پاکستانی افواج نے ’معرکۂ حق‘ کے تحت بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے ذریعے دشمن کو نشانہ بناتے ہوئے، پاکستانی افواج نے دشمن کی پوزیشنز پر انتہائی درستی سے جوابی حملے کیے۔
وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے پاک افواج کے 11 جانباز سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے جبکہ 78 اہلکار زخمی ہوئے۔
شہدا میں یہ لوگ شامل ہیں۔ نائیک عبد الرحمٰن، لانس نائیک دلاؤر خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر، سپاہی نثار
پاک فضائیہ: اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینیئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق، سینیئر ٹیکنیشن مبشر
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی یہ عظیم قربانیاں جرأت، ایثار اور بے مثال حب الوطنی کی روشن علامت ہیں جو ہمیشہ قوم کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔ پاکستانی مسلح افواج اور پوری قوم، شہدا کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔
قوم دشمن کی ہر جارحیت کے خلاف پرعزم ہے اور کوئی غلط فہمی نہ رہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی جارحیت کی آئندہ کوشش کا بھرپور، فیصلہ کن اور ہر محاذ پر جواب دیا جائے گا۔