اسکول بس پر خود کش حملہ، 3 طالبات سمیت 5 شہید، 38 زخمی

  • بدھ 21 / مئ / 2025

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔

خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی بس تباہ ہوگئی جب کہ بس میں سوار 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے شہید ہوئے۔

38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ شہید ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔

خضدار واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے۔ وفاقی وزرا خواجہ آصف، محسن نقوی اور عطاء تارڑ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف اہم ملاقاتوں اور بریفنگز میں شرکت کریں گے، جبکہ بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلائے جانے کی توقع ہے۔

پاکستان میں امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ خضدار، بلوچستان میں اسکول کی بس پر ہونے والے بے رحمانہ اور ناقابلِ تصور حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بےگناہ بچوں کا قتل سمجھ سے باہر ہے، ہم ان خاندانوں کے ساتھ غم میں شریک ہیں، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں سے کروایا۔ اسکول جانے والے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔ مسلح افواج، پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا ہر سطح پر قلع قمع کریں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی اخلاقی پستی اور انسانیت دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا یہ مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

بھارت آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں عبرت ناک شکست کے بعد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت، بدامنی پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو استعمال کر رہا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد بھارت گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔