ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز کے وفد سے ملاقات میں احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہے۔
بجٹ کےحوالے سے آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں۔ عوام کو ریلیف دیں گے۔ حکومت کوئی ایسا اقدام نہیں کرے گی جس سے قومی اتحاد اور یگانگت متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیامیر بھاشا ڈیم سمیت تمام آبی منصوبے جلد مکمل کریں گے تاکہ بھارت فائدہ نہ اٹھائے۔ ہم دیامیر بھاشا ڈیم سمیت تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیں گے۔
دریں اثنا پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف پر مکمل اتفاق رائے نہیں ہوسکا، تاہم آئی ایم ایف نے نئے مالی سال کے بجٹ پر مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اتفاق رائے کے لیے آنے والے دنوں میں مذاکرات جاری رہیں گے۔
آئی ایم ایف وفد کا دورہ پاکستان 19 مئی کو شروع ہوا۔ وفد کی قیادت نیتھن پورٹر نے کی۔ پاکستان کے ساتھ حالیہ معاشی صورتحال، قرض پروگرام پر عمل درآمد اور آئندہ بجٹ پر مذاکرات ہوئے، پاکستان کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے مالی استحکام اور سماجی اخراجات کے تحفظ کا عزم دہرایا۔ آئندہ مالی سال کے دوران پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک لے کر جانے پر اتفاق ہوا۔
پاکستانی حکام کے ساتھ ٹیکس نیٹ بڑھانے اور محصولات میں اضافے پر بات چیت ہوئی۔ اخراجات کو ترجیحی بنیادوں پر منظم کرنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر مذاکرات کیے گئے جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے پر زور دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پائیدار ترقی اور یکساں کاروباری مواقع کی بہتری کے لیے اصلاحات زیر غور آئیں۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے اور مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔