بھارت نے دہشت گردی کے خلاف عزم ظاہر کیا ہے: نریندر مودی

  • اتوار 25 / مئ / 2025

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران ہماری افواج نے غیر معمولی شجاعت اور مہارت دکھائی اور ہر انڈین کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔

اتوار کے روز ایک پروگرام میں  بات کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارت نے پوری دنیا کے لیے ایک پیغام دیا ہے کہ انڈیا دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ پوری طرح تیار بھی ہے۔ یہ آپریشن محض ایک فوجی کارروائی نہیں تھا، بلکہ یہ نئے انڈیا کے عزم، حوصلے اور صلاحیت کی تصویر ہے۔ اس تصویر نے ملک بھر میں حب الوطنی کی ایسی لہر دوڑا دی ہے جو دلوں کو جوڑ رہی ہے، جذبوں کو بیدار کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے طول و عرض میں ایسی ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہر طرف انڈین جھنڈے لہرا رہے تھے۔ شہروں، دیہاتوں اور قصبوں سے ہزاروں لوگ ہاتھوں میں انڈیا کا ترنگا لیے اپنے سپاہیوں کی تعظیم اور وطن سے محبت کے اظہار کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ چنڈی گڑھ جیسے شہروں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سول ڈیفنس والنٹیئر بننے کا فیصلہ کیا۔

مودی نے کہا کہ آپریشن سندور کی گونج صرف خبروں تک محدود نہ رہی بلکہ کئی خاندانوں نے اسے اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا۔ بہار کے کٹیہار، یوپی کے کشی نگر اور دیگر شہروں میں جن بچوں کی پیدائش اس دوران ہوئی، ان کے نام ’سندور‘ رکھے گئے۔ یہ محض نام نہیں، بلکہ فخر اور محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہمارے جوانوں کی بہادری کا ثبوت ہے۔ لیکن یہ بھی یاد رکھیے کہ اس میں انڈیا میں تیار کردہ ہتھیاروں، آلات اور جدید ٹیکنالوجی کا اہم کردار تھا۔ یہ ہمارے انجینئرز، سائنس دانوں اور محنت کشوں کی برسوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ تھا۔ ’یہ ہے ’آتم نربھر بھارت‘ (خودانحصار انڈیا) کی زندہ مثال۔‘

مودی نے کہا کہ ملک میں قوم پرستی کا جذبہ بیدار ہؤا ہے۔  یہی ہے انڈیا کی اصل طاقت، عوام کی شمولیت، اُن کا جذبہ، اُن کا فخر۔ آئیے عہد کریں کہ  جہاں ممکن ہو، ہم انڈیا میں بنی اشیا کو ترجیح دیں۔ یہ صرف ایک معاشی فیصلہ نہیں، بلکہ قومی تعمیر میں شرکت کا جذبہ ہے۔ ہمارا ایک چھوٹا سا قدم، انڈیا کی ترقی کی راہوں کو مضبوط بنا سکتا ہے۔