بھارت نے دوبارہ حماقت کی تو جواب شدید تر ہوگا: پاکستان کا انتباہ

  • اتوار 25 / مئ / 2025

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہم امن پسند ہیں، امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ یہ حماقت کی تو ہمارا جواب اس سے بھی شدید ہو گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500 سے زیادہ طلبا کے ساتھ منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فضا پاک فوج زندہ آباد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں کی گونج اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد کے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو گرما دیا۔

پختون طلبہ نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا خطاب میں کہنا تھا کہ اللہ کے حکم سے پورا پاکستان آہنی دیواربن کرکھڑا ہوا اور مودی کی حکمت عملی کو غلط ثابت کر دیا۔ لوگ سمجھتے تھے کہ یہاں کے عوام اور فوج ایک دوسرے سے دور ہیں۔ ہرگز نہیں، یہ قوم اور فوج ہمیشہ سے ایک مٹھی کی طرح تھی اور ایسے ہی رہے گی۔.

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے فیصلہ کیا تھا کہ ہندوستان کو 26جگہ پر جواب دیں گے۔ مظفرآباد کا سات سالہ ارتضی جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے آرڈرپر شہید ہوا اس پورے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرکو تباہ کردیا گیا۔ 6 اور 7 مئی کو پاکستان کے معصوم بچوں کو شہید کرنے والے جہاز جن اڈوں سے اڑے تھے۔ ان سب کو تباہ کردیا۔ آپ کی فوج نے کسی ایک سویلین انفراسٹرکچر، آبادی یا مندرکو نشانہ نہیں بنایا۔ کیونکہ ہم امن پسند ہیں، ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے دشمن کو خبردارکیا کہ اگر تم نے دوبارہ یہ حماقت کی توہماراجواب اس سے بھی شدید ہوگا۔ پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوتی ، چاہے فتنہ خوارج ہو یا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان، اس ایک ایک دہشت گردی اور ایک ایک شہید کے پیچھے ہندوستان کا چہرہ ہے۔ مساجد کو شہید اور لوگوں کو ذبح کرنے والوں کا اسلام، خیبرپختونخوا، پختونوں کی روایات سے کوئی تعلق نہیں۔ خارجی نور ولی کہتا ہے کہ اسلام میں اجازت ہے کہ آپ کافروں سے مدد لیں۔ اسلام کے تحت کفر اور حق آپس میں اکٹھے نہیں ہو سکتے۔ اسی طرح خارجی اور اسلام اکٹھے نہیں ہوسکتے۔ تم کشمیر کی بچیوں کی عزت کو پامال کرنے والے ہندوستان سے مدد مانگتے ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ افغان بھائیوں سے کہتے ہیں برائے مہربانی دہشت گردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو۔ ہندوستان کے آلہ کار نہ بنو۔ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں وہ وقت آ گیا ہے جب کشمیر بنے گا پاکستان۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے۔ مسئلہ ان کی اشرافیہ ہے، جن کو ہندوستانی پیسہ دے کر خریدتا ہے اور پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔ اپنے افغان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو۔ تم بھارت کے آلہ کار نہ بنو۔ خیبر پختونخوا کے غیور، بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں، آج دوبارہ وقت آگیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔