پاکستان کی خاطرکچھ لو اور کچھ دو کے لیے تیار ہوں: عمران خان

  • جمعرات 29 / مئ / 2025

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ پاکستان کی خاطرکچھ لو اور کچھ دو کیلیے تیار ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ اپنے لیے کوئی گیو اینڈ ٹیک نہیں ہے۔ بانی نے کہا میرے دروازے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے کھلے ہیں۔ پاکستان کیلئے بات چیت کرنے کو تیار ہوں۔ پاکستان میں اتحاد کی خاطر کسی بھی وقت مذاکرات کیلئے تیار ہوں۔ میں صرف انصاف چاہتا ہوں، میرے کیسز جلد سے جلد سنے جائیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا احتجاجی تحریک کا اعلان ہوچکا ہے۔ 5، 6 دن میں لائحہ عمل دیں گے۔

علیمہ خان کے Give اینڈ take بیان پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کی خاطر اس پر بھی  تیار ہیں۔ اپنے لئے رعایت نہیں مانگ رہا، مانگنی ہوتی تو بہت پہلے مانگ چکا ہوتا۔ پارٹی لیڈر شپ مومونٹ کیلئے تیار ہوجائیں، بانی نے کہا ہے اب میں برداشت نہیں کروں گا اگر کوئی سامنے نہ آیا۔ وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گا۔

اس کے علاوہ عمران خان نے سیاسی کمیٹی کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے سینیٹر علی ظفر کے ذریعے پارٹی لیڈر شپ کو پیغام بھجوا دیا۔ عالیہ حمزہ کو پنجاب میں سیاسی کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔ سیاسی کمیٹی میں سلمان اکرم راجہ، عمر ایوب، احمد خان بچھر اور عثمان اکرم شامل تھے۔