واشنگٹن میں پاکستانیوں کا یوم تشکر
پاکستان بھر کی طرح امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھی انڈیا کے خلاف حالیہ فتح کا جشن بنیان المر صوص منایا گیا۔ مہمانان اور سیاسی اور سماجی شخصیات نے مل کر جشن فتح کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز صحافی اور دانشور عارف الحق عارف تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدام سے پوری پاکستانی قوم کو متحد کرنے پر بھارتی وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز کشمیری لیڈر ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ امریکہ کے شاندار اور بر وقت کردار پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنے کےلئے حکومت پاکستان کو ایک اعلیٰ سطح کا وفد امریکہ بھیجنا چاہئے۔ قونصلر طاہر جمیل نے کہا کہ اس مختصر جنگ میں ہم نے سفارتی محاز پر بہترین کردار ادا کیا۔ پریس قونصلر سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کے مقابلے میں حقائق بر مبنی خبریں شائع کیں اور اس کے مکر و فریب کے پرخچے اڑا دیئے ۔
صدر آزاد کشمیر کے امریکہ میں مشیر سردار ظریف نے کہا کہ پاکستان کو اس موقع سے فائدہ اٹھا کر مسئلہ کشمیر کو حل کروانا چاہئے۔ یہ تقریب ممتاز تاجر اور سماجی رہنما جمال خٹک نے اپنے ڈیرے پر پاکستان کے سینیئر ترین صحافی اور کالم نگار عارف الحق عارف اور ضرار خان کے اعزاز میں منعقد کی تھی۔ اس موقع پر مقررین نے اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر ، پاک فضایہ کے سربراہ ظہیر الدین بابر سدھو اور جانباز پائلٹوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب سے واشنگٹن میں ممتاز پاکستانی صحافیوں فیض رحمن، انور اقبال ، سید اصفر امام، عزیز احمد، عظیم خان جاوید کوثر ، فیصل علی، ضرار خان کے علاوہ سردار زبیر خان، سردار شعیب ارشاد، ممتاز قاری زاہر قاسمی مرحوم کے صاحبزادے محمد انور قاسمی، الیاس مسیح ، سجاد بلوچ، میاں وسیم، سعد گوندل، حافظ فاروق شاہد، راجہ عبد القیوم خاں نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں میزبان جمال خٹک اور سید اصفر امام نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔