پاکستان کے ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
اولمپک مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں بھی ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرکے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا۔
اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مینز جیولن فائنل میں ایک شاندار 86.40 میٹر کی تھرو کر کے کامیابی حاصل کی۔ یہ مقابلہ جنوبی کوریا کے شہر گومی میں منعقد ہو رہا تھا۔ بھارت کے سچن یادو نے 85.16 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا جب کہ جاپان کے یوٹا ساکی یاما نے 83.75 میٹر تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
چند ابتدائی تھرو میں سبقت حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیرجے 83.27 میٹر تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے اور پوڈیم سے باہر ہو گئے۔ پاکستان کے یاسر سلطان نے 75.39 میٹر تھرو کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کے یش ویر سنگھ ذاتی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 82.57 میٹر تھرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔
فائنل کے بعد ’ڈان ڈاٹ کام‘ سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ یہ ایک اچھی کارکردگی تھی۔ خاص طور پر اس لیے کہ یہ اس سیزن کا ان کا پہلا مقابلہ تھا۔ ارشد ندیم پیرس 2024 میں 92.97 میٹر کی زبردست تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ کے حامل ہیں۔ ایشین چیمپئن شپ کا 86.72 میٹر کا ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکا۔