جنگ میں اپنی صلاحیتیں استعمال کیں، کوئی بیرونی مدد نہیں ملی: جنرل ساحر شمشاد

  • منگل 03 / جون / 2025

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی  جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ 96 گھنٹوں پر مشتمل حالیہ تنازع کے دوران پاکستان نے مکمل طور پر اپنی اندرونی صلاحیتوں پر انحصار کیا۔ کسی بھی بیرونی مدد کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی مدد حاصل کی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو میں جنرل ساحر شمشاد نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا کہ دوست ممالک، چین نے سیٹلائٹ انٹیلی جنس سمیت کوئی خارجی معاونت فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سازوسامان ہم نے استعمال کیا وہ یا تو ملک میں تیار کیا گیا تھا یا پہلے سے حاصل شدہ تھا۔ لیکن ریئل ٹائم میں جو کچھ استعمال ہوا وہ صرف پاکستان کی اپنی صلاحیت تھی۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ 96 گھنٹوں پر محیط جھڑپ کو مکمل طور پر پاکستان کی اپنی قوت سے نمٹنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ہم نے مکمل تنازع اپنے وسائل سے لڑا، کہیں سے کوئی مدد نہیں آئی۔ جنرل ساحر شمشاد کے یہ بیانات پاکستان اور بھارت، دونوں جوہری قوتوں کے درمیان مختصر لیکن شدید عسکری تصادم پر ایک نادر سرکاری تبصرہ ہیں۔ اگرچہ انہوں نے اس تنازع کی درست تاریخ یا نوعیت واضح نہیں کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی پچھلی سرحدی جھڑپوں سے مختلف تھی اور اس بار شہری علاقوں پر بھی اس کے اثرات پڑے۔

انہوں نے صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں تنازع صرف مخصوص متنازع علاقوں، جیسے کشمیر تک محدود نہیں رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرحدوں پر تو نسبتاً سکون ہے لیکن آئندہ تنازعات مخصوص علاقوں تک محدود نہیں رہیں گے۔ پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے جنرل شمشاد نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات حل کرنے کا کوئی ’مؤثر اور منظم‘ طریقہ کار موجود نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) ہاٹ لائن پر انحصار کرتے ہیں، ایسے انتظامات شدید کشیدگی کے بحرانوں کے دوران ناکافی ہوتے ہیں۔ انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جب آپ ایک ’انتہا پسند ذہنیت‘ سے نمٹ رہے ہوتے ہیں تو بین الاقوامی مداخلت کی گنجائش بہت محدود ہو جاتی ہے۔

اس بار امریکا اور چند دیگر ممالک نے ضرور مداخلت کی، لیکن اب یہ راہداری بھی بہت محدود ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ سے خطاب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے خطے میں ایٹمی تصادم کے خطرے سے خبردار کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ پہلگام کے بعد کی صورتحال خطے کی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پاکستان کے پانی کو روکنے یا موڑنے کی کوشش جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔