غزہ جہنم سے بھی برتر مقام بن چکا ہے: ریڈ کراس
بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی سربراہ مرجانا سپلولجیرک کا کہنا ہے غزہ اس وقت کرہ ارض پر دوزخ سے بھی بدتر جگہ بن چکی ہے۔
جینیوا میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے ہیڈکوارٹر میں بی بی سی کو دیے گیے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انسانیت ہار رہی ہے۔ فلسطینیوں کو مصائب سے نکالنے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اس جنگ کے خاتمے کے لیے دیگر ممالک کچھ خاص نہیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں سے انسانی وقار چھینا جا رہا ہے اور بین الاقوامی قوانین کو ردی کی ٹوکری کی نظر کیا جا رہا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس نے تمام قانونی، اخلاقی اور انسانی قدروں کو پامال کر دیا ہے۔
بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس ایک فلاحی ادارہ جو وار زونز میں فعال طریقے سے کام کرتا ہے۔ غزہ میں اس تنظیم کا 300 سے زیادہ عملہ موجود ہے جو زیادہ تر فلسطینی ہیں۔
دریں اثنا انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کی طرف سے ایک امدادی جہاز غزہ کے ساحل کی طرف روانہ ہؤا ہے۔ جہاز پر امدادی سامان کے علاوہ غزہ کے بلاکیڈ کے خلاف احتجاج کرنے والے کارکن شامل ہیں۔ ماحولیات کے لیے کام کرنے والی سویڈن کی گرتھے تھون برگ بھی اس جہاز پر سوار ہے۔ اگر اسرائیلی فوج نے اسے نہ روکا تو یہ 7 جون کو غزہ کے ساحل پر پہنچے گا۔