احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا طیارہ گر کر تباہ، 250 سے زائد ہلاک
بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ طیارہ ڈاکٹروں کے ہوسٹل پر گرا۔ پولیس کے مطابق طیارے پر سوار تمام 242 لوگ ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ ہوسٹل میں مقیم 30 کے لگ بھگ شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔ طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ رائٹرز کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا کہ جہاز میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور 1 کینیڈین شہری سوار تھے۔
طیارہ کیپٹن سمیَت سَبھروال اور فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر کے ساتھ پرواز کر رہا تھا۔ کیپٹن سمیَت سَبھروال لیفٹ سیٹ ٹریننگ کیپٹن (ایل ٹی سی) ہیں اور ان کے پاس 8 ہزار 200 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے۔ کوپائلٹ کے پاس ایک ہزار 100 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے مطابق طیارہ احمد آباد کے رن وے سے روانہ ہوا تھا۔ اس نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ’مے ڈے‘ کال دی لیکن اس کے بعد اے ٹی سی کی طرف سے کی جانے والی کالز کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ڈی جی سی اے کے ذرائع کے مطابق روانگی کے فوراً بعد، طیارہ ہوائی اڈے کی حدود سے باہر زمین پر گر گیا۔ حادثے کی جگہ سے گھنا سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا ہے، ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی تفصیلات منظر عام پر آئیں گی۔
حادثے کی جگہ پر دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا، اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ اور پولیس کمشنر سے اس حادثے کے بارے میں بات کی ہے، انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ’ ایکس’ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز کے احمد آباد سے لندن جاتے ہوئے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا، جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔