ایران فوری معاہدہ کرے، ورنہ ایرانی سلطنت صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

  • جمعہ 13 / جون / 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے فوری طور پر معاہدہ نہ کیا تو جسے کبھی ’ایرانی سلطنت‘ کہا جاتا تھا، سب ختم ہوجائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ‘ پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے ایران کو ایک کے بعد ایک موقع دیا کہ وہ معاہدہ کرلے۔ میں نے ایران کو انتہائی سخت الفاظ میں سمجھانے کی کوشش کی لیکن تمام کوششوں کے باوجود معاملہ طے نہیں ہوسکا۔

ٹرمپ کے مطابق انہوں نے ایران کو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ جو کچھ ہونے والا ہے، وہ ان کی توقعات، معلومات یا اندازوں سے کہیں زیادہ تباہ کن ہوگا۔ ایران کو سمجھایا گیا تھا کہ امریکا دنیا کا سب سے بہترین اور مہلک ترین فوجی ساز و سامان تیار کرتا ہے اور یہ سب کچھ اسرائیل کے پاس پہلے سے موجود ہے۔ بلکہ مزید بھی آرہا ہے اور اسرائیل کو اسے مؤثر انداز میں استعمال کرنا بھی بخوبی آتا ہے۔

 

ٹرمپ نے مزید لکھا کہ کچھ ایرانی سخت گیر عناصر نے بہادری دکھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ کیا ہونے والا ہے۔ وہ سب مارے جاچکے ہیں اور حالات مزید خراب ہوں گے۔ اب تک کئی ہلاکتیں اور تباہی ہوچکی ہے، لیکن ابھی بھی وقت ہے کہ اس قتل عام کو روکا جاسکے۔ کیونکہ آئندہ حملے پہلے سے بھی زیادہ سنگین ہوں گے۔

ٹرمپ نے زور دیا کہ ایران کو فوری طور پر معاہدہ کرنا ہوگا۔ اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ بچے اور اس چیز کو بچایا جاسکے جسے کبھی ’ایرانی سلطنت‘ کہا جاتا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعے کے روز ایران پر فضائی حملوں کی ایک بڑی کارروائی کی، جس میں 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں جوہری اور عسکری مقامات شامل تھے۔