ایران اسرائیل جنگ میں شدت، ایرانی حملوں میں 10 اسرائیلی ہلاک 100 زخمی

  • اتوار 15 / جون / 2025

ایران اور اسرائیل کے درمیان رات بھر حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رات بھر ایرانی میزائل حملوں سے متعدد اسرائیلی ہلاک و زخمی  ہوئے۔

اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ کم از کم دس اسرائیلی شہری ایرانی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 100 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ چند روز قبل اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 78 ایرانی ہلاک ہو چکے ہیں۔

گذشتہ روز ایران کے سرکاری ٹی وی نے بتایا تھا کہ تہران میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 20 بچوں سمیت 60 شہری مارے گئے ہیں۔

ایران کے دارالحکومت تہران کی تیل کی وزارت کا کہنا ہے کہ شہران آئل ڈپو کو اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جہاں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔ اس کے باوجود ایران کے مطابق یہ آئل ریفائنری ابھی فعال ہے۔

اسرائیل کے شہر بیت یام میں ابھی بھی ایک دس منزلہ عمارت کے ملبے میں سات افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ایران کے اس عمارت پر میزائل حملے میں چھ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایران کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہران کے جس آئل ڈپو کو ہدف بنایا گیا تھا وہ ابھی فعال ہے اور وہاں آئل کی پیداوار اور ترسیل جاری ہے۔ اسرائیلی حملے کے بعد اس ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اسرائیلی حملوں میں تہران کے فیول ٹینک بھی نشانہ بنے تاہم وزارتِ تیل کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔

ایران کے خبر رساں ادارے اثنا کے مطابق ایران کی تیل کی پیداوار اور ترسیل کی ذمہ دار کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس آگ کو دیگر فیول ٹینکوں تک پھیلنے سے روکنے میں کامیاب رہے۔

اثنا نے تصدیق کی ہے کہ ریفائنری میں آپریشن متاثر نہیں ہوئے اور فیول کی سپلائی ابھی معمول کے مطابق کی جا رہی ہے۔