ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، امریکی مداخلت کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے: خامنہ ای

  • بدھ 18 / جون / 2025

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو سرنڈر کرنے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا۔ امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بدھ کو سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کرے گا۔ یہ خامنہ ای کا جمعہ کے بعد پہلا باضابطہ ردعمل ہے، جب اسرائیل نے ایران پر بمباری شروع کی تھی اور انہوں نے سرکاری میڈیا پر نشر کی گئی ایک تقریر میں خطاب کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے، کیونکہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی‘۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی۔

امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب نہیں دیتے۔ ایرانی عوام اپنے شہدا کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایران، اسرائیل جنگ خطے اور عالمی امن کے لیے خطرناک ہے، اسی لیے اس کو روکنے کے لیے عالمی برادری فوری اقدامات کرے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایران، اسرائیل جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویشناک ہے۔ پاکستان نے ایران پر اسرائیل کی کھلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی۔ عالمی برداری ایران، اسرائیل جنگ بندی کے لیے فوری کردار ادا کرے۔