ایران کا اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز پر حملہ، 47 زخمی

  • جمعرات 19 / جون / 2025

ایران نے تازہ میزائل حملوں میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی حکام نے تازہ حملوں میں کم ازکم 47 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر سوروکا ہسپتال کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کی صبح کیے گئے ایرانی حملے کے مرکزی اہداف اسرائیلی فوج کا کمانڈ اینڈ انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر اور سوروکا اسپتال کے قریب واقع اسرائیلی فوج کا انٹیلی جنس کیمپ تھا۔

روسی خبر رساں ادارے ’آر ٹی‘ نے ایران کے تازہ حملوں کے بعد اپنے ایکس ہینڈل پر متعدد پوسٹس شیئر کی ہیں جن میں سوروکا ہسپتال اور تل ابیب اسٹاک ایکسچینج اور دیگر عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کو دیکھا جاسکتا ہے۔ ایرانی حملے کے بعد تل ابیب اسٹاک ایکسچینج سمیت دیگر عمارتوں کو خالی کرالیا گیا۔

تہران ٹائمز کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر کے علاوہ بییر شیبع میں واقع گیو یام ٹیکنالوجی پارک میں ایک فوجی انٹیلیجنس تنصیب میزائلوں کا ہدف تھی۔ یہ علاقہ جنوبی اسرائیل کے بڑے طبی مراکز میں سے ایک، سوروکا میڈیکل سینٹر کے قریب واقع ہے۔ ذرائع نے تسلیم کیا ہے کہ دھماکے کی لہر سے ہسپتال کو معمولی نقصان پہنچا لیکن یہ واضح کیا کہ فوجی تنصیبات ہی اصل اور درست ہدف تھیں۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کے میزائل حملے میں جنوبی اسرائیل کے شہر بیر شیبا میں سروکا ہسپتال کو نشانہ بنایا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کم ازکم 47 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٹائم آف اسرائیل کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے تازہ میزائل حملوں کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آج صبح ایران کے دہشت گرد ظالموں نے بیئر شیبع میں سوروکا اسپتال اور ملک کے وسطی حصے میں شہری آبادی پر میزائل داغے، ہم تہران کے ظالم حکمرانوں سے اس کا پورا حساب لیں گے‘۔ اس سے قبل ایران نے اسرائیلی جارحیت کےخلاف ’آپریشن وعدہ صادق 3‘ کے تحت بدھ کی رات کو اسرائیل پر میزائلوں کی نئی لہر سے جوابی حملہ کیا ہے۔ اب تک ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

اسرائیلی مسلح افواج  نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے طور پر بیلسٹک میزائلوں کا نیا حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد وسطی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کے لیے سائرن بجائے گئے ہیں۔ تاہم تاحال کسی علاقے میں میزائل ٹکرانے یا نقصان پہنچنے کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔

یمن میں ایران کے اتحادی انصاراللہ (حوثی باغیوں) کے ایک اعلیٰ رہنما نے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اس وقت تک فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے جب تک اسرائیلی جارحیت بند نہیں ہوتی اور محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔ غزہ کی حمایت میں ہماری کارروائیاں قربانیوں کے باوجود بند نہیں ہوں گی۔

حوثی ایران کے خودساختہ ’محورِ مزاحمت‘ کا آخری گروپ ہیں، جو باقاعدگی سے اسرائیل پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے غزہ میں دوبارہ شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اسرائیل پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔ اور مشرقِ وسطیٰ کے پانیوں میں بحری جہازوں پر بھی حملے کیے ہیں۔