دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں بہ جانے والے 11 افراد کی لاشیں مل گئیں

  • اتوار 29 / جون / 2025

جمعہ کے روز سوات میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیلابی ریلے میں 13 افراد بہہ گئے تھے جن میں سے 11 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے سوات کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کا کہنا ہے کہ دو افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کو تلاش کیا جارہا ہے۔ رفیع اللہ مروت کے مطابق ریسکیو 1122 کے 60 اہلکار سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک صوبے بھر میں 19 افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق، مرنے والوں میں چھ مرد، پانچ خواتین اور آٹھ بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے صوبے بھر میں 56 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جس میں سے چھ مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔