ایران چند ماہ میں یورینیم افزودہ کرنے کا کام شروع کرسکتا ہے: آئی اے ای اے
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ ایران چند ماہ کے اندر یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے نتیجے میں انہیں نقصان پہنچا تھا لیکن وہ مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں۔
اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگراں ادارے کے سربراہ کے بیان میں وائٹ ہاؤس کے اس دعوے کی نفی کی گئی ہے کہ امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو برسوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے آئی اے ای اے کی جانب سے بمباری کی جگہوں کے معائنہ کی درخواست کو مسترد کر دی ہے ۔جبکہ ایرانی پارلیمنٹ نے جوہری توانائی کے نگراں ادارے کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا قانون منظور کر لیا ہے۔