مذاکرات کے لیے امریکہ دوبارہ حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے: ایران
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ امریکہ سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے سے پہلے دوبارہ حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے۔ انہوں نے نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ثالثوں کی وساطت سے ایران کو بتایا ہے کہ وہ دوبارہ مذاکرات شروع کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم امریکی انتظامیہ نے اس ’انتہائی اہم سوال‘ کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح نہیں کی ہے کہ مذاکرات کے دوران دوبارہ تو حملے نہیں کیے جائیں گے۔ 13 جون کو شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مسقط میں امریکہ اور ایران کے درمیان بلاواسطہ مذاکرات کا چھٹا دور رک گیا تھا۔
تخت روانچی کا کہنا تھا کہ ایران پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت برقرار رکھنے پر ’اصرار‘ کرے گا۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ ایران خفیہ طور پر جوہری بم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔ انہیں اندازہ نہیں کہ مذاکرات کے ایجنڈے میں کیا شامل ہوگا۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات رواں ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لیے ضروری تحقیقی پروگرام کے لیے ’جوہری مواد تک رسائی سے انکار‘ کر دیا گیا ہے۔
نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس بارے میں بات ہو سکتی ہے کہ ایران کو کس حد تک یورینیم افزودہ کر سکتا ہے۔ ’مگر یہ کہنا کہ آپ کو [یورینیم] افزودہ نہیں کرنا چاہیے، آپ کے پاس صفر افزودگی ہونی چاہیے، اور اگر آپ اس سے اتفاق نہیں کریں گے تو ہم آپ پر بمباری کریں گے - یہ جنگل کا قانون ہے۔‘