مستونگ کے مرکزی بازار میں دہشت گرد حملہ، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک
مستونگ میں مسلح افراد نے بازار پر حملہ کردیا، فائرنگ اور دھماکوں میں لڑکا جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے،سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مرکزی بازار پرحملہ کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق فائرنگ اوردھماکوں میں ایک 16 سالہ لڑکا جاں بحق اور7 افراد زخمی ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق دہشت گردوں نے مستونگ کے 3 بینکوں پر بھی حملہ کیا جبکہ بینک کی عمارت سمیت متعدد سرکاری گاڑیوں اور املاک کو نذر آتش کردیا۔ واقعے کے بعد بازار بند ہوگیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق واقعے کے فوری بعد ایف سی، سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا جس پر دہشتگرد پسپا ہوگئے۔ تاہم سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا جس کے نتیجے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔
دریں اثنا پاکستان میں جون کے دوران دہشتگردی کے 78 حملے ہوئے جن میں سیکیورٹی فورسز کے 53 جوانوں سمیت 94 افراد شہید ہوئے۔ اسلام آباد کے نجی تھینک ٹینک ’پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پکس) نے ماہانہ سیکیورٹی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں ملک میں دہشت گردی کے 78 حملے ہوئے جن میں 94 افراد لقمہ اجل بنے۔
رپورٹ کے مطابق جون میں دہشت گردی کے حملوں میں سیکیورٹی فورسز کے 53 جوان، 39 شہری جبکہ امن کمیٹی کے 2 ارکان شہید ہوئے۔ ان حملوں میں 189 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 126 اہلکار اور 26 شہری شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جون میں دہشتگردی کے واقعات میں 6 عسکریت پسند بھی مارے گئے۔