سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے تیس دہشت گرد ہلاک کردیے

  • جمعہ 04 / جولائی / 2025

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موثر کارروائی میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ واقعات یکم اور دو جولائی اور پھر 2 اور 3 جولائی کی درمیانی شب ]یش آئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک افغان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت محسوس کیا۔ افواج پاکستان نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں تمام 30 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، چوکسی اور ہمہ وقت تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ممکنہ سانحے کو بروقت روک دیا۔

آئی ایس پی آر نے باور کرایا ہے کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کو بھی یہ ذمہ داری نبھانی چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو ’غیر ملکی ایجنٹوں‘ کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع اور بھارت کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنۃ الخوارج کے 30 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں خوش آئند ہیں۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم سیکییورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے۔ بہادر افواج ملکی حفاظت کیلیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی 30 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔