کراچی: لیاری میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 8 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ عمارت کے ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنے کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 مرد، 3خواتین اور ایک 7 سال کا بچہ شامل ہے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ زخمی 3 افراد طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیے گئے جبکہ 4 اب بھی زیرعلاج ہیں۔ ہیوی مشینری کی مدد سے عمارت کے ملبے کو ہٹایا جارہا ہے۔ متاثرہ عمارت کے ساتھ موجود 7 منزلہ عمارت کو خالی کروادیا گیا جبکہ ملبے کے قریب جمع لوگوں کو ہٹانے کےلیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمارت کو کسی قسم کا نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ ایس بی سی اے سے بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے۔ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں، انسانی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔
ترجمان وزارت بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ وزیر بلدیات سعید غنی نے ریسکیو کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے اور عمارت میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کی ہدایت کی ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمارت کے اطراف رکاوٹوں کو دور کرکے ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے۔ عمارت گرنے کی وجوہات کی فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
ادھر عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمہ بلدیات نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے جو 3 دن کے اندر کوتاہی برتنے والے افسران کی نشاندہی کرے گی۔ ترجمان کے مطابق وزیر بلدیات نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔