ویسٹ منسٹر ہاؤس میں چند گھنٹے
- تحریر محمد طارق
- ہفتہ 05 / جولائی / 2025
3 جولائی 2025 کو برطانیہ کے نجی دورے کے دوران چند گھنٹے برطانیہ کی پارلیمنٹ دیکھنے کا موقع ملا۔ لندن پہلے بھی کئی دفعہ جا چکے تھے، مگر اس سے پہلے جمہوریت، جمہوری اقدار کو دنیا میں متعارف کرانے والے ادارے ویسٹ منسٹر یعنی برٹش پارلیمنٹ ہاؤس دیکھنے کا موقع نہ مل سکا۔
3 جولائی 2025 کے دن لندن میں چمکتی دھوپ کی وجہ سے خوشگوار موسم تھا۔ لندن کے علاقے برکسٹن سے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے دریائے تھمیز کے کنارے واقع مشہور زمانہ ویسٹ منسٹر عمارت کے پاس پہنچا۔ دن کے 2 بج رہے تھے، ویسٹ منسٹر عمارت کے پاس پارکس، سڑکوں پر سیاحوں کا کافی رش تھا۔ ویسٹ منسٹر آتے وقت میرا پروگرام تھا کہ ویسٹ منسٹر میوزم دیکھا جائے۔ مگر ویسٹ منسٹر کے مین گیٹ پر پہنچ کر میوزم کے بارے میں معلومات لیں تو استقبالیہ پر موجود خاتون اسٹاف ورکر نے بتایا کہ میوزم اس عمارت کے اندر نہیں ہے بلکہ سڑک پار دوسری عمارت میں ہے۔
خاتون اسٹاف ورکر کی یہ بات سن کر میں نے خاتون سے سوال کیا کہ کیا آج پارلیمنٹ کا اجلاس ہورہا ہے تو خاتون نے بتایا کہ جی اجلاس ہورہا ہے اور از خود اس نے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پارلیمنٹ میں جاری اجلاس کو دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر پبلک گیلری میں جاکر اجلاس دیکھ سکتے ہیں۔ میں اس پیشکش کو غنیمت جانتے ہوئے پبلک گیلری میں جانے پر تیار ہوگیا۔ سیکورٹی کے مختلف مراحل طے کرنے کے بعد ہاؤس آف کامنز کی پبلک گیلری کی طرف چل پڑا۔
استقبالیہ گیٹ سے اسمبلی ہال تک کا فاصلہ طے کرنے کے دوران ایک آسٹریلوی خاتون سیاح رچل سے سلام دعا ہوگئی۔ رچل نے بتایا کہ وہ 3 دفعہ پہلے یوکے آچکی ہے مگر پہلی دفعہ اس تاریخی عمارت ویسٹ منسٹر کو دیکھنے آئی ہے۔ رچل نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے آباواجداد 19 ویں صدی کے شروع میں آئیرلینڈ سے آسٹریلیا ہجرت کر گئے تھے۔ اب وہ آسٹریلیا میں کان کنی سے منسلک ہے۔ اس لیے وہ رینیوایبل انرجی پروجیکٹس پر یقین نہیں رکھتی۔ مگر ساتھ ہی وہ اجتماعی معاملات میں جمہوری فیصلہ سازی اور عوام کی رائے کا بے حد احترام کرتی ہے۔
میں اور رچل نے ہاؤس آف کامنز کی پبلک گیلری کی طرف چلتے چلتے راستے میں ریستوران، دوکان اور معلوماتی ہالز جس میں ویسٹ منسٹر عمارت کی تاریخ، ملکی سیاسی قانونی ،جمہوری بڑے واقعات کی تحریری و تصاویری تاریخ دیکھی۔
ہاؤس آف کامنز کی پبلک گیلری میں موبائل فون، کیمرے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس لیے پبلک گیلری کے دروازے پر مامور سیکورٹی اہلکار مہمانوں سے کیمرے ، موبائل فون لے لیتے ہیں، جس کی وجہ سے ہم اسمبلی ہال میں جاری بحث کی کوئی تصویر یا ویڈیو فلم نہ بنا سکے۔
ہاؤس آف کامنز یعنی برطانیہ کی قومی اسمبلی کی پبلک گیلری میں پہنچ کر اسمبلی ہال میں دیکھا تو ہال میں کھڑا ایک ایشین ممبر اسمبلی برطانیہ کے نئے پنشن ریفارمز پر اپنا نقطہ نظر پیش کررہا تھا۔ اس ایشین اسمبلی ممبر کا نام اقبال محمد تھا جو کہ کاؤنٹی یارک شائر کے حلقے ڈیوز بری سے بطور آزاد امیدوار قومی اسمبلی کا ممبر بنا۔ قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں ایم پی ایز کی حاضری کم تھی۔ 650 اسمبلی ممبران میں سے 100کے قریب ممبران اسمبلی ، آج کے اجلاس میں شرکت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ممبران اسمبلی کی کم تعداد ہونے کے باوجود سپیکر اسمبلی، حکومتی وزرا، ایم پی ایز، اپوزیشن ایم پی ایز کے ساتھ مل کر اسمبلی کی کارروائی جاری رکھے ہوئے تھے۔ ہر ممبر اسمبلی اپنی باری پر اپنی اسمبلی نشست سے کھڑا ہو کر اپنا نقطہ نظر پیش کررہا تھا، جبکہ حریف ممبران اسمبلی مقرر کی تقریر خاموشی سے سن رہے ہوتے، یا مقرر کی اچھی دلیل پر تالیاں بجاتے۔ یا ناپسند یدہ دلیل پر اونچی آواز میں ہوں ہوں ، ہو ہو ، ہاں ہاں، ہا ہا کرتے۔
کوئی بھی اسمبلی ممبر اسمبلی فلور پر اپنے اپنے پارٹی چیئرمین کی تعریف یا مخالف پارٹی ممبران پر ذاتی نوعیت کی تنقید نہیں کررہا تھا۔ بلکہ اسمبلی کے ایجنڈا پر ٹو دی پوائنٹ اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کررہے تھے۔ یہی منظر ہاؤس آف لارڈز کے اجلاس میں بھی دیکھا۔ ہاؤس آف لارڈز کے آج کے اجلاس میں کافی تعداد میں لارڈز شرکت کررہے تھے۔ ہاؤس آف لارڈز کے آج کے اجلاس کا ایجنڈا غزہ پر اسرائیل اور فلسطین تنازعہ تھا۔
ہاؤس آف لارڈز، ہاؤس آف کامنز کے اجلاسوں میں منتخب نمائندے آپس میں دوران بحث سخت تکرار کے باوجود ایک دوسرے سے ہاتھاپائی کرنے سے گریزاں تھے، جس کی وجہ سے ویسٹ منسٹر کی عمارت کے اندر کوئی فوجی یا نیم عسکری ادارہ سیکورٹی معاملات کے فرائض سرانجام نہیں دے رہا تھا۔ بلکہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران یا پارلیمنٹ ہاؤس میں کسی قسم کی بدامنی اور سیاحوں کی طرف سے امن عامہ میں خلل ڈالنے کو کنٹرول کرنے کے لیے سویلین پولیس ہی موجود تھی۔ (جاری)