جنگ کے دوران غیرملکی مدد کے بھارتی دعوے بے بنیاد ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ انڈیا کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان کو بیرونی مدد کے دعوے غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے اس قسم کے بیانات آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرنے میں روایتی ہچکچاہٹ کی عکاسی کرتے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ریاستوں کا نام لینا انڈیا کی جانب سے کیمپ کی سیاست کھیلنے کی ایک ناقص کوشش ہے۔ انڈیا کی جانب سے اس طرح کے بیانات کا مقصد خطے میں نام نہاد ’نیٹ سیکیورٹی پروائڈر‘ کے خود ساختہ کردار ادا کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے انڈیا کے ڈپٹی چیف آف آرمی سٹاف لیفٹیننٹ جنرل راہل سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والی چار روزہ لڑائی کے دوران اسے ایک سرحد پر پاکستان کے علاوہ چین اور ترکی کا بھی سامنا تھا اور چین، پاکستان کو انڈیا کی عسکری تنصیبات کے حوالے سے لائیو معلومات فراہم کر رہا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا آپریشن سندور کے دوران اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سے آپریشن سندور میں ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا ،دراصل انڈیا کی آپریشنل تیاری اور تزویراتی دور اندیشی کے فقدان کو ثابت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مہم جوئی، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش یا اس کی خلاف ورزی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے فوری اور منہ توڑجواب دیا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ہماری آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں، اقتصادی مراکز اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر سخت جواب دیا جائے گا۔