دھمکی ملی ہے میرے بیٹے والد سے ملنے پاکستان گئے تو گرفتار کرلیا جائے گا: جمائمہ

  • جمعرات 10 / جولائی / 2025

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹوں کو والد سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے سابق شوہر تقریباً 2 سال سے قید تنہائی کاشکار ہیں۔ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے الزام عائد کیاکہ پاکستانی حکومت کی جانب سے دھمکی دی جارہی ہے کہ اگر ان کے بیٹوں نے پاکستان جا کر ان سے ملنے کی کوشش کی تو انہیں بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ ایسا کسی جمہوریت نہیں ہوتا۔ یہ سیاست نہیں، بلکہ ذاتی دشمنی کا فعل ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کہہ چکے ہیں کہ اگر کسی نے بیرون ملک سے آکر دنگا فساد کی کوشش کی تو اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔ بیرسٹر عقیل ملک بھی واضح کرچکے ہیں اگر برطانوی پاسپورٹ ہولڈر کسی شخص نے سیاسی مہم چلانے کی نیت سے ویزے کی درخواست دی تو اسے ویزا جاری ہی نہیں کیا جاسکتا۔

مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا تھا کہ اگر قاسم اور سلیمان پاکستان آئے تو وہ یہاں کی گرمی میں پگھل جائیں گے  لیکن والد کو رہا نہیں کرواپائیں گے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو صرف اپنے درست رویے سے ہی رہائی مل سکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کے بیٹے قاسم نے ایکس پر پیغام میں کہا تھا کہ ان کے والد کو اپنے بچوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں۔ ذاتی معالج تک رسائی بھی نہیں دی جارہی، انہیں 700 دن سے زائد عرصہ جیل میں ہوچکا ہے۔