بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا سرعام قتل، واقعے کی ویڈیو وائرل
بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو سرعام گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ واقعےکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق 20 سے زائد مسلح افراد نے جوڑے کو پہاڑوں میں لے جاکر بے دردی سے قتل کیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے ویڈیو کا نوٹس لے کر واقعے کی تحقیقات اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائے وقوع اور ملزمان کا تعین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسی سفاکانہ حرکات ناقابل برداشت ہیں۔ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
معروف صحافی حامد میر نے اس اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ ایک نام نہاد جرگے نے عدالت بن کر دو انسانوں کو قتل کر دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس لاقانونیت میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے سزا دی جائے گی؟
معروف صحافی عاصمہ شیرازی نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ یہ لڑکی، بندوق تانے ہوئے بُزدلوں سے کہیں زیادہ بہادر اور غیرت مند ہے۔