پیپلزپارٹی، اے این پی، جے یو آئی (ف) نے خیبرپختونخوا حکومت کی اے پی سی میں شرکت ہونے سے انکار کردیا

  • بدھ 23 / جولائی / 2025

پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خیبرپختونخوا حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے صوبائی حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔ صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی محمد علی شاہ باچا کا کہنا ہے کہ صوبے میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، یہ آل پارٹیز کانفرنس صرف دکھاوا ہے۔

انہوں نےکہا کہ حکومت سنجیدہ ہوتی تو اس سے قبل کئی بار امن و امان اور دیگر مسائل پر بات ہو چکی ہے لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے دھرنوں اور مظاہروں سے فارغ ہو تو عوامی مسائل کی جانب توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کل ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔

دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی نے بھی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی طلب کردہ اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے پی سی حکومت نے بلائی ہے اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلے کرچکی ہے کانفرنس میں شرکت کا کوئی فائدہ نہیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ بحیثیت ایک سیاسی جماعت تحریک انصاف اگر کل جماعتی کانفرنس بلاتی تو ضرور شرکت کرتے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیاسی جماعتوں کے اے پی سی میں عدم شرکت کے اعلان پر کہا ہے کہ کل امن و امان پر اے پی سی بلائی ہے جو اے پی سی میں شرکت نہیں کرتے، انہیں عوام کی پرواہ نہیں۔

واضح رہے کہ حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر 24 جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔