چلاس کے سیالبی ریلے میں بہہ جانے والے 15 افراد لاپتہ ہیں

  • سوموار 28 / جولائی / 2025

پاکستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ 21 جولائی کو چلاس میں آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والوں میں سے پندرہ افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب ریلے میں بہہ جانے والوں میں نجی ٹی وی کی اینکرشبانہ لیاقت اور ان کے اہلخانہ بھی شامل ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران امدادی کارکنوں کو ایک بٹوہ ملا جس میں شبانہ لیاقت اور ان کے بیٹے کے کارڈز اور کچھ رقم ملی جس کے بعد امدادی اداروں نے سرچ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق چینل انتظامیہ کی جانب سے حکومت سے رابطہ کیا گیا لیکن خاندان سے کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا ہے۔ فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ ٹی وی اینکر اور ان کے خاندان سمیت تمام لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ لامحدود ملبے کے ڈھیر کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ چلاس میں سیلاب سے اب تک آٹَھ افراد ہلاک جبکہ مجموعی طور پر گلگت میں 10 افراد سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہلاک ہوئے ہیں۔