پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پاگیا، ٹیرف میں کمی ہوگی: وزارت خزانہ
پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے جس کے تحت دو طرفہ تجارت کو فروغ، منڈی تک رسائی میں اضافہ، سرمایہ کاری کی ترغیب اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ پیشرفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی۔ ملاقات میں سیکرٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاک امریکا معاہدے کے نتیجے میں باہمی ٹیرف خاص طور پر امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر لگنے والے ٹیرف میں کمی آئے گی۔یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان اہم اقتصادی شعبوں خاص طور پر توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر میں اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کا باعث بنے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے خصوصاً ان تعلقات کو امریکی ریاستوں تک بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی میسر آئے گی اور پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کو بروئے کار لانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
پاکستان کے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ وزیرِ خزانہ کا امریکی سیکرٹری تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے بعد جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ٹیرف کے متعلق مذاکرات کا مقصد نان ٹیرف بیریئرز اور تجارت میں عدم توازن جیسے امور کو طے کرنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ساتھ ساتھ چلنا چاہئے۔ اس معاہدے میں وسیع تر اقتصادی، دوطرفہ اور اسٹریٹجک شراکت داری ابھر کر سامنے آئی ہے۔
سینیٹر اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس میں معاہدے کے طے پانے میں نجی شعبے کا بھی بہت اہم کردار رہا ہے، جب ہم یہ سوچ رہے تھے کہ تجارتی عدم توازن کو کیسے کم کیا جائے تو نجی شعبے نے آگے بڑھ کر مدد کی پیشکش کی۔ وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ جیسے صدر ٹرمپ نے کہا ہے، یہ معاہدہ آگے چل کر یہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
اس سے پہلے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس ڈیل کا خیر مقدم کیا تھا، اسحاق ڈار نے کہاتھا کہ امریکا سے تجارتی ڈیل طے پاگئی ہے، الحمد اللہ۔
اس دوران امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر نکالنے کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری ایک پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا اسلام آباد کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر کو قابل بازیافت ذخائر میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ’ہم آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس پارٹنرشپ کو لیڈ کرے گی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’کون جانتا ہے، شاید پاکستان کسی دن انڈیا کو تیل بیچ رہا ہو۔
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے امریکی صدر کا بیان اپنے ایکس اکاؤنٹ ہر شیئر کرتے ہوئے لیکھا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ خیال رہے کہ امریکہ امریکی صدر نے متعدد ممالک پر جمعے کے روز سے اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔
اسی تناظر میں پاکستانی اعلیٰ حکام نے امریکہ کے متعدد دورے کیے ہیں۔ حال ہی میں پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم نے جولائی 21 سے جولائی 28 نے امریکہ کا دورہ کیا جبکہ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بھی اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں۔