بیٹر فیوچر پاکستان نے ناروے فٹ بال کپ جیت لیا
- تحریر محمد طارق
- اتوار 03 / اگست / 2025
دنیا کا بڑا یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ 27 جولائی سے لے کر 2 اگست 2025 تک ناروے کے شہر اوسلو میں منعقد ہوا۔ پاکستان کی بیٹر فیوچر انڈر 15 ٹیم نے ناروے کپ کا فائینل جیت لیا ہے۔
ناروے کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز 1972 میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے فٹ بال گراونڈ ایکے برگ میں ہوا تھا۔ اب بھی یہ ٹورنامنٹ اوسلو ایکے برگ گراونڈ اور گردونواح کے گراؤنڈز میں کھیلا جاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو مقامی سپورٹس کلب بیکےلاگٹ اپنے ممبران کے تعاون اور قومی سپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے آرگنائز کرتا ہے۔
2025 ناروے یوتھ کلب فٹ بال کپ میں 35 ممالک کی یوتھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ جس میں پاکستان کی 3 یوتھ ٹیموں نے بھی شرکت کی ۔ بیٹر فیوچر پاکستان انڈر 15 کی بوائز کیٹیگری اور بیٹر فیوچر پاکستان انڈر 13 گرلز کیٹیگری کی ٹیمز نے حصہ لیا۔ جبکہ مسلم ہینڈز کی طرف سے پاکستان انڈر 17 کی بوائز کیٹیگری میں ٹیم پاکستان نے حصہ لیا۔
ناروے کپ 2025 ٹورنامنٹ میں 30 % خواتین کھلاڑیوں ، 70 % مرد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ناروے کلب یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ 2025 کے انڈر 15 کیٹیگری بوائز کے فائنل میں بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم نے فائنل میں مخالف ٹیم یویک لین کو 2 صفر سے شکست دے کر ناروے کپ یوتھ 2025 ٹورنامنٹ جیت لیا۔
بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم بوائز انڈر 15 کیٹیگری فائنل تک ناقابل شکست رہی۔
بیٹر فیوچر پاکستان انڈر 15 ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں 9 میچ کھیلے اور تمام میچز میں کامیابی حاصل کی۔
گروپ میچز اور ناک آؤٹ کے سٹیج سے لے کر فائنل تک بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم کو نارویجین پاکستانی شائقین کی گراونڈ میں بھر پور سپورٹ حاصل رہی۔ بیٹر فیوچر پاکستان کے ہر میچ میں نارویجین پاکستانی تماشائی ڈھول ، باجے، پاکستان کے جھنڈوں، نعروں ، تالیوں سے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
مسلم ہینڈز پاکستان کی ٹیم نے بھی یوتھ کلب فٹ بال ٹورنامنٹ 2025 انڈر 17 بوائز کیٹیگری میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مسلم ہینڈز پاکستان کی ٹیم پاکستان گروپ میچز میں ناقابل شکست رہنے کے بعد پری کوارٹر فائنل میں گمبیا کی ٹیم سے شکست کھاکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
دوسری طرف بیٹر فیوچر پاکستان کی خواتین انڈر 13 کیٹیگری کی ٹیم گروپ میچز میں فتح حاصل کرنے کے بعد ناک آؤٹ راؤنڈ کے پہلے مرحلے میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔
مسلم ہینڈز کی ٹیم کو بھی ہر میچ میں نارویجین پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت رہی۔ مسلم ہینڈز پاکستان کے میچ بھی پاکستان کا سبز سفید پرچم گراؤنڈ کی زینت بنا رہا اور گراؤنڈ ڈھول ، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتے رہے۔
ناروے یوتھ کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان سے آنے والی انڈر 15 بوائز ٹیم کی پرفارمنس شاندار رہی اور ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا انعام ناروے کپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
گرلز انڈر 13 اور بوائز انڈر 17 ٹیموں کی کارکردگی گروپ میچز میں اچھی رہی۔ مگر ناک آوٹ راؤنڈ میں اچھی پرفارمنس نہ دینے کی وجہ سے وکٹری اسٹینڈ پر جگہ حاصل نہ کر سکیں۔
ایک ہفتہ جاری رہنے والے یوتھ فٹ بال ناروے کپ ٹورنامنٹ میں نارویجین پاکستانی شائقین خواتین، بچے ، بڑے، نوجوان جوق در جوق ہر روز فٹ بال کے میدان میں آکر پاکستانی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ خود بھی خوشگوار موسم میں کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہے۔