فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی باتیں مکمل بے بنیاد ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

  • بدھ 06 / اگست / 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدر بننے کی خبروں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فیلڈمارشل کے صدر بننے کی باتیں مکمل بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف بھی واضح کرچکے ہیں کہ فیلڈ مارشل نے صدر بننے کی خواہش ظاہر کی نہ ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی گزشتہ ماہ واضح کیا تھا کہ ہمیں مکمل طور پر علم ہے کہ صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف کو نشانہ بنانے والی مذموم مہم کے پیچھے کون ہے۔

محسن نقوی نے ایکس پر پیغام میں کہا تھا کہ ’میں واضح طور پر کہہ چکا ہوں کہ نہ تو اس بارے میں کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی صدر سے استعفیٰ لینے یا چیف آف آرمی اسٹاف کے صدر بننے کی کوئی تجویز زیرِ غور ہے‘۔

دی اکانومسٹ کے اس سوال پر کہ پاکستان، بھارتی فوجی کارروائی پر کیا ردعمل دےگا؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم اس بار بھارت کے مشرق سے آغاز کریں گے، شروعات بھارت کے اندر گہرائی سے حملہ کرنے سے ہوگی۔ بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے وہ بھی ہر جگہ مارے جاسکتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے مودی کے دہشت گردانہ حملوں کا فوجی کارروائی سے جواب دینے کےعزم کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام حملہ کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔