ناروے کے عام انتخابات 2025
- تحریر محمد طارق
- بدھ 06 / اگست / 2025
8 ستمبر 2025 بروز سوموار قومی اسمبلی (ستورتنگ) ناروے کے انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔
قومی اسمبلی جسے مقامی زبان میں ستورتنگ کہا جاتا ہے، کے لیے 4 سال یعنی 2025 سے 2029 کی مدت تک نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ناروے قومی اسمبلی میں منتخب نمائندوں کی کل تعداد 169 ہے۔ یہ 169 نمائندے ملک کے 19 انتخابی حلقوں سے منتخب ہوتے ہیں۔
جو پارٹی یا مخلوط اتحاد قومی اسمبلی میں 85 یا 85 سے زائد نشتی جیت لے گی، وہ پارٹی یا پارٹیوں کا اتحاد قومی حکومت بنا لے گا۔ ناروے کی 55 لاکھ کی آبادی میں 19 انتخابی حلقے ترتیب دئیے گئے ہیں، جن میں سے 150 نمائندے براہ راست ملک کے سب انتخابی ضلعوں سے منتخب ہوں گے جبکہ 19 نمائندے بذریعہ مساواتی مینڈیٹ طریقہ کار سے منتخب ہوں گے ۔
ناروے قومی اسمبلی انتخابات میں ہر انتخابی حلقے سے کتنے نمائندے منتخب کیے جائیں گے، اس کا تعین حلقے کی آبادی اور رقبے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ انتخابی حلقوں سے نشستوں کی تعداد کا تعین وزرات بلدیات کرتی ہے۔
سنہ 2025 کے پارلیمانی انتخابات میں آکرش ہوس حلقے کو پچھلے انتخاب کی
نسبت آبادی میں اضافے کی وجہ سے ایک اضافی نشست ملے گی۔ جبکہ فِن مارک حلقے کی ایک نشست کم کر دی گئی ہے۔ ناروے وزرات بلدیات کے تعین کردہ پیمانے کے مطابق ناروے کی قومی اسمبلی میں ہر انتخابی ضلعی حلقے سے مختلف تعداد میں منتخب نمائندے، قومی اسمبلی میں اپنے اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں گے۔
ناروے قومی اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دار کون ہوتا ہے؟
ہر وہ نارویجن شہری جو سال 2025 تک 18 سال کا ہوچکا ہو اور جو شہری ناروے میں رہائش پذیر ہوں یا پہلے کبھی رہائش اختیار کر چکے ہوں، اس سال کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
آپ کب ووٹ ڈال سکتے ہیں؟
آٹھ ستمبر 2025 بروز سوموار قومی اسمبلی کے انتخابات کے لیے مخصوص کر دیا گیا ہے۔ جبکہ جو لوگ اس دن اپنی کسی مصروفیت کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتے، ان کے لیے قبل از وقت ووٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
قبل از وقت ووٹنگ (ابتدائی ووٹنگ)
یکم جولائی سے 8 اگست تک آپ کسی بھی بلدیہ (کمیون) دفتر میں قبل از وقت ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ یہ ان افراد کے لیے ہے جو انتخاب کے دن کسی وجہ سے ووٹ نہیں دے سکتے۔
بیرونِ ملک میں مقیم نارویجین شہری بذریعہ پوسٹل بیلٹ ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ یہ لوگ یکم جولائی سے 29 اگست تک کے درمیان قبل از وقت ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔